رشی کپورپاک مقبوضہ کشمیر پر فاروق عبداللہ کے موقف سے متفق

ممبئی: ممتاز فلم اداکار رشی کپور نے کہا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے اس خیال سے متفق ہیں کہ پاک مقبوضہ کشمیر پاکستان کا ہے اور ہندوستان اور پاکستان کتنی ہی جنگ کیوں نہ کر یں یہ صورت حال بدلے گی نہیں۔
رشی کپور نے فاروق کے ٹوئیٹ کے جواب میں ٹوئیٹ کچھ اس طرح کیا۔’ فاروق عبداللہ جی ! سلام! میں آپ سے متفق ہوں، جموں و کشمیر ہمارا ہے اور پاک مقبوضہ کشمیر ان کا ہے‘۔ یہ مسئلہ اسی فارمولے کے تحت طے پایا جا سکتا ہے۔ میں 65سال کا ہوگیا ہوں اور ایک بار پاکستان جانا چاہتا ہوں ۔میں اپنے بچوں کو ان کا آبائی وطن پاکستان دکھانا چاہتا ہوں۔
فاروق جی بس یہ کام کرادیجئے۔ جے ماتا دی“۔واضح رہے کہ کپور خاندان کاا یک پشتینی مکان پشاور میں ہے۔یہ1918اور1922کے درمیان رشی کپور کے دادا دیوان بہیشور ناتھ کپورنے تعمیر کرایا تھا۔
تقسیم کے وقت یہ کپور خاندان ہندوستان کوچ کر گیا تھا۔ فاروق نے ہفتہ کے روز کہا تھا کہ ایک آزاد کشمیر کی بات کرنا غلط ہے کیونکہ اس کے چاروں طرف خشکی ہے کوئی سمندر نہیں ہے نیز وہ چین، پاکستان اور ہندوستان جیسی تین ایٹمی طاقتوں سے محصور ہے۔

Title: rishi kapoor agrees with farooq abdullah | In Category: انٹرٹینمنٹ  ( entertainment )